2 ماہ میں برآمدات بڑھنے سےتجارتی خسارے میں کمی

اسلام آباد(امت نیوز/ مانیٹرنگ ڈیسک)رواں الی سال کے پہلے دو ماہ جولائی اور اگست کے دوران ملکی برآمدات میں اضافہ ہوا جس کی وجہ سے درآمدات بڑھنے کے باوجود تجارتی خسارے میں 1.25فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔شماریات بیورو کی دستاویز کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 2 ماہ میں تجارتی خسارے میں 7 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی، جولائی تا اگست تجارتی خسارہ 6 ارب 16 کروڑ ڈالر رہا، گزشتہ برس اِس مدت میں تجارتی خسارہ 6 ارب 24 کروڑ ڈالر تھا، جو رواں سال 1.3 فیصد کم رہا۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال میں مجموعی طور پر تجارتی خسارہ 37 ارب ڈالر جبکہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 18 ارب ڈالر رہا تھا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جولائی تا اگست برآمدات 5.1 فیصد جبکہ درآمدات 1.1 فیصد بڑھ گئیں، برآمدات 3.7 ارب ڈالر اور درآمدات 9 ارب 83 کروڑ ڈالر رہیں۔مالی سال 19-2018ء کے 2 ماہ میں ترسیلات زر میں بھی 13.45 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، بیرون ملک سے پاکستانیوں نے 3.96 ارب ڈالر بھیجے۔

Comments (0)
Add Comment