پاکستان بھارت میں نتیجہ خیز مذاکرات کی امریکی خواہش

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکہ کی سینئر سفارتی اہلکار ایلس ویلز نے کہاہے کہ امریکہ، پاک ۔ بھارت تعلقات کی بہتری کے لیے نتیجہ خیز مذاکرات کی حمایت کرے گا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ میں جنوبی اور وسطی ایشیا بیورو کی سربراہ کا کہنا تھا کہ امریکہ نے پاکستان کو 2 واضح پیغامات بھیجے ہیں جن میں سے ایک میں مذاکرات میں تعمیری شرکت اور دوسرے میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کا وعدہ پورا کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا پاکستان نے امریکی سیکریٹری اسٹیٹ مائیک پومپیو کے ذریعے مذاکرات کا کوئی پیغام ارسال کیا اور کیا ان کی بھارتی وزیر خارجہ سے ملاقات میں یہ معاملہ اٹھایا گیا، تو ایلس ویلز نے اس حوالے سے لاعلمی کا اظہار کیا۔ان کا مزید کہنا تھا ہم عمران خان کی وزیر اعظم پاکستان منتخب ہونے کے بعد بھارتی ہم منصب نریندر مودی سے ہونے والی گفتگو کا بھی خیر مقدم کرتے ہیں۔اس کے ساتھ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان روابط کے ذرائع کا بھی ذکر کیا، جس میں قومی سلامتی کے مشیروں اور ڈی جی ایم اوز کے درمیان مذاکرات اور عوام کا عوام سے رابطہ شامل ہے۔مائیک پومپیو کے دورہ پاکستان کے حوالے پوچھے گئے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ سیکریٹری اسٹیٹ کا اسلام آباد کا دورہ پاکستان ان کا نئی حکومت کے آغاز میں ہی سویلین قیادت سے ملاقات کا ایک بہترین موقع تھا۔انہوں نے کہا کہ مائیک پومپیو نے پاکستان کی نئی قیادت کو بتایا کہ امریکا، افغانستان میں استحکام اور سیاسی حل کے لیے کس طرح پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔

Comments (0)
Add Comment