کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ نے پروٹوکول کے نام پر شہریوں کو تنگ کرنے والے اہلکاروں کو قانون کے دائرے میں رہنے کا انتباہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اسکوارڈ ڈیوٹی پر مامور تمام پولیس افسر اور اہلکار با وردی ہوں۔ڈیوٹی پر مامور اہلکار پولیس موبائل میں مخصوص جگہ پر کھڑے ہوں، گاڑی پر لٹکنے کی کوشش ہرگز نہ کریں، سفر کے دوران کوئی پولیس اہلکار پولیس موبائل سے اترے اور نہ راستہ بنانے کی کوشش کریں۔چلتی پولیس موبائل سے کوئی پولیس اہلکار ہاتھ کے اشاروں یا شہریوں کو سخت آوازیں دے کر راستہ بنانے کی کوشش نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکار اسکوارڈ کے ساتھ چلنے والی گاڑیوں کے ڈرائیور کو تحکمانہ لہجے یا سختی سے بات کرنے سے گریز کریں، پولیس موبائل ڈرائیور یا اسکوارڈ کمانڈر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ہرگز نہ کریں۔موبائل ڈرائیورز ٹریفک سگنل ہرگز نہ توڑیں اور غیر قانونی اوورٹیک سے پرہیز کریں، کسی بھی شخصیت کو اسکوارڈ کرتے وقت ڈیوٹی اہلکار ٹریفک قوانین کی پابندی کریں، سفر کے دوران کسی بھی شہری یا ڈرائیور سے تکرار نہ کی جائے، اسکوارڈ کمانڈر بات کرے یا علاقہ پولیس کو طلب کرکے معاملہ حل کیا جائے۔