نوازشریف پیرول پر رہائی نہیں چاہتے تھے

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیر اعظم محمد نوازشریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے پیرول پررہائی کی درخواست پر دستخط کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ جو نقصان ہونا تھا وہ ہوچکا، اللہ کو یہی منظورتھا۔ نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں موجود مسلم لیگ ن کے قائد سابق وزیر اعظم نوازشریف نے پیرول پر رہا ہونے سے انکار کردیا تھا اور ان کے اس فیصلے کی تائید مریم نواز نے بھی کی تھی۔سابق وزیراعظم نوازشریف نے پیرول کی درخواست پر دستخط کرنے سے بھی انکار کر دیا تھا ان کا کہنا تھا کہ جو نقصان ہونا تھا وہ ہوچکا، اللہ کو یہی منظور تھا۔اس ساری صورتحال میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور نواز شریف کے بھائی شہباز شریف نے اپنے پارٹی قائد سے پیرول پر رہائی کے لیے پرزوراصرار کیا،انہوں نے نوازشریف کے انکار کے بعد درخواست پر خود دستخط کیے۔ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے اس موقع پر نواز شریف سے مکالمہ بھی کیا کہ یہ بہت بڑا حادثہ ہے،پیرول پر رہائی کی اجازت قانون دیتا ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ وقت گزر گیا تو ساری عمر کا پچھتاوا رہ جائے گا۔ذرائع نے بتایا کہ شہباز شریف نے اپنے بھائی سے اصرار کیا کہ آپ لوگوں کو کلثوم بھابھی کا آخری دیدار کرنا چاہیے۔

Comments (0)
Add Comment