سی اےا اے -سابق ڈائریکٹر ایچ آر کے دفتر کا تالہ توڑ کر ریکارڈ ضبط

کراچی ( رپورٹ : سید نبیل اختر ) سول ایوی ایشن نے سابق ڈائریکٹر ایچ آر سمیر سعید کے دفتر کا تالا توڑ کر ریکارڈ قبضے میں لے لیا ، انجینئر ہونے کے باوجود برسوں سےعہدے پر براجمان سمیر سعید نے تبادلے سے متعلق ڈی جی کے احکامات ہوا میں اڑادیئے اور چارج دئیے بغیر دفتر کو تالا لگا گئے تھے ، نئے چیف ایچ آر ثمر رفیق نے مجاز اتھارٹی کی ہدایت پر کارروائی کی ۔ اہم ذرائع نے بتایا کہ نئے سیکریٹری ایوی ایشن اور ڈائریکٹر جنرل سوی ایوی ایشن نے برسوں سے تعینات سوی ایوی ایشن کے انجینئرنگ افسران کا تبادلہ کر دیا ۔ یہ احکامات لیٹر نمبر HQCAA/2135/ 020/HRCP کے ذریعے 10 ستمبر 2018 کو دیئے گئے ۔ افسران میں سمیر سعید سمیت 14 افراد شامل تھے، جنہیں کیڈر کے مطابق تعینات کیا گیا ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ سمیر سعید نے مذکورہ حکم نامہ ماننے سے انکار کرتے ہوئے اپنے دفتر کو تالا لگایا اور چلے گئے ۔ مذکورہ افسر نے ہدایت کے باوجود ثمر رفیق کو چارج نہیں دیا ،جس پر ان کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ معاملے سے جب اعلیٰ حکام کو آگاہ کیا گیا تو مجاز اتھارٹی نے چیف ایچ آر ثمر رفیق کو اجازت دی کہ وہ کمرے کا تالا توڑ دیں اور تمام سرکاری دستاویزات قبضے میں لے لیں ۔ مذکورہ حکم نامے میں ڈائریکٹر ایچ آر ثمر رفیق نے 12 ستمبر 2018 کو بورڈ آف آفیسرز کا لیٹر نمبر HQCAA/2482/001/HR جاری کیا ،جس میں ایچ آر ڈائریکٹوریٹ ، سیکیورٹی ڈائریکٹوریٹ ، کمرشل اینڈ اسٹیٹ ڈائریکٹوریٹ ، انجینئر نگ سروسز ڈائریکٹوریٹ اور انٹرنل آڈٹ سی اے اے ہیڈ کوارٹر کے نمائندگان کو ہدایت کی گئی وہ ایڈیشنل ڈائریکٹر ایچ آر انیس الرحمن کی سربراہی میں ڈائریکٹر ایچ آر کے دفتر کا تالا توڑ کر اپنے اپنے دستاویزات قبضے میں لے لیں ،تاکہ معمول کے کام میں کوئی خلا پیدا نہ ہو ۔معلوم ہوا ہے کہ سمیر سعید سول ایوی ایشن میں کلیدی عہدوں پر تعینات انجینئرنگ کی اس لابی کا حصہ ہیں ،جو انتظامیہ کو اپنے مقاصد کے لئے بلیک میل کرتے ہیں ۔ ذرائع نے بتایا کہ سمیر سعید اور ان کی ٹیم کے اراکین نے سابق ڈی جی سی اے اے ایئر مارشل ( ر) عاصم سلیمان کو عہدے سے ہٹانے میں بھی اہم کردار ادا کیا اور اپنے ساتھ ساتھ ملازمین کو فوائد کا لالچ دے کر ڈی جی ہٹاؤ مہم چلائی تھی ۔ سی اے اے میں سمیر سعید کو عہدے سے ہٹانے پر ملازمین انتہائی حیرت زدہ ہیں کہ کس طرح با اثر ڈائریکٹر کو انتہائی اہم عہدے سے ہٹایا گیا ہے ،کیونکہ ماضی میں ڈی جی کے عہدے پر رہنے والے کئی افسران کوشش کے باوجود سمیر سعید کو عہدے سے نہیں ہٹا سکے تھے ۔

Comments (0)
Add Comment