اسلام آباد (امت نیوز)پاکستان کرکٹ ٹیم میں کپتان سرفراز احمد کی موجودگی میں بورڈ کی نئی انتظامیہ نے نائب کپتان کی تلاش شروع کردی ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ورلڈ کپ تک ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کے نائب کپتان کے لئے شعیب ملک کا نام سامنے آیا ہے ٗشعیب ملک 2009 میں پاکستان ٹیم کی خراب کارکردگی کے بعد کپتانی سے مستعفی ہوگئے تھے ٗاس وقت وہ پاکستان ٹیم میں سیاست کے بجائے مکمل طور پر کرکٹ پر فوکس ہیں۔ذمے دار ذرائع کے مطابق ایشیا کپ کے بعد اس تجویز پر عملی جامع پہنانے کیلئے چیئرمین احسان مانی کو قائل کیا جائیگا ٗنائب کپتان کا تقرر خالصتاً چیئرمین کا استحقاق ہے۔ذمے دار ذرائع نے بتایا کہ لاہور میں قومی کیمپ کے دوران قومی سلیکشن کمیٹی کی جانب سے یہ تجویز سامنے آئی ہے کہ پاکستان ٹیم کو ورلڈ کپ تک نان اسٹاپ کرکٹ کھیلنا ہے ٗاس دوران اگر کسی موقع پر سرفراز احمد ان فٹ ہوجاتے ہیں تو ٹیم کے پاس نائب کپتان ہونا چاہیے جو ان کی عدم موجودگی میں قیادت کی باگ دوڑ سنبھالے۔ذرائع کے مطابق اس تجویز سے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے تاہم اس بارے میں سوچ وبچار کیا جارہا ہے۔ذرائع کے مطابق انضمام الحق مستقل بنیادوں پر نائب کپتان لانے کے حق میں ہیں حالانکہ پاکستان کرکٹ کی روایت رہی ہے کہ کپتان کے ساتھ بہت کم کھلاڑیوں کو نائب کپتان مقرر کیا جاتا ہے۔