اسلام آباد(صباح نیوز)پنجاب کے جنوبی ضلع ڈیرہ غازی خان کے ضمنی انتخابات میں جاگیر داروں کو ٹکٹ دینے پر تحریک انصاف کے کارکنان نے اسلام آباد میں دھرنا دے دیا جبکہ بنی گالہ میں احتجاج کرنے پر کارکنان کو گرفتار کر لیا گیا جنہیں کئی گھنٹوں بعد رہائی ملی ۔ تفصیلات کے مطابق ضلع ڈیرہ غازی خان میں رکن قومی اسمبلی محمد خان لغاری ،پنجاب اسمبلی کی خالی نشست پر اپنے جاگیر دار والد کو تحریک انصاف کا ٹکٹ دلوانا چاہتے ہیں جبکہ اس حلقے کے تحریک انصاف کے دیرینہ ورکر دوست امیدوار مہر سجادچھینہ کی مہم چلانے والے کارکنوں نے اسلام آباد میں نیشنل پریس کلب کے باہر احتجاجی دھرنا دیا ۔ان کارکنان نے بنی گالہ کا رخ بھی کیا تھا مگر انہیں عمران خان کی رہائش گاہ تک نہیں پہنچنے دیا گیا اور عمران چوک سے پولیس انہیں وین میں ڈال کر تھانے لے گئی جہاں کئی گھنٹوں تک رکھنے کے بعد نیشنل پریس کلب کے سامنے چھوڑ دیا گیا ۔ اپنے تحریری بیان میں مظاہرین نے بتایا کہ ہم ضلع ڈیرہ غازی خان کے حلقہ پی پی292کے ضمنی الیکشن میں ٹکٹ کی غیر منصفانہ تقسیم ، موروثی سیاست اور سرداروں کے خلاف دھرنا دیا ہے، عمران خان سے اپیل ہے کہ موروثی سیاست کو فروغ نہ دیں اور جن ورکرز نے سابقہ این اے 173اور موجودہ این اے192میں پارٹی کی بنیاد رکھی اور دن رات ایک کر کے خان صاحب کا پیغام گھر گھر پہنچایا دھرنوں میں شرکت کی اور ہر مشکل وقت میں پارٹی کا ساتھ دیا ان کو عزت دی جائے اور پی پی 292کے ضمنی الیکشن میں پارٹی کارکن کو ٹکٹ دیا جائے اور تعلیم دشمن علاقے کی عوامی محرومیوں کے ذمہ دار لغاری سرداروں سے جان چھڑائی جائے۔انہوں نے کہا کہ ایک ہفتے سے ہمارا دھرنا جاری ہے لیکن کوئی شنوائی نہیں ہو رہی، اس لیے اسلام آباد اور بنی گالہ کا رخ کیا ۔ تحریک انصاف کو جاگیرداروں اور سرمایہ داروں سے بچایا جائے اور کارکنان کو عزت دی جائے ۔ مظاہرین کا تعلق کوٹ چٹھہ ،بستی فوجاں ،جتوئی والا ،کوٹلا احمد خان ،چک مسوخان، چوٹی زیریں ،مانہ احمد زئی،خانپور اور دیگر دہی علاقوں سے ہے۔