اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیراطلاعات ونشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس شرح میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ہونے والے اہم فیصلوں سے متعلق میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سابق حکومت نے گرمیوں میں یوریا کھاد کے پلانٹ کو گیس کی سپلائی روک دی اور گیس روکنے کے ساتھ یوریا ایکسپورٹ کرنے کی اجازت دی گئی جس سے یوریا کی پیدوار میں کمی ہوئی اور اب ربیع کی فصل کے لیے ایک لاکھ ٹن یوریا کھاد برآمد کرنی پڑے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پورے ملک میں میٹرو منصوبوں کے آڈٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، 3میٹروپروجیکٹس پر8 ارب روپے سبسڈی کی مد میں خرچ ہوتے ہیں، حکومت پنجاب کو 8ارب روپے 3میٹرو بسوں کو رواں رکھنے کیلئے دینا پڑتا ہے جب کہ اسلام آباد میٹرو پر 4.2ارب روپے کی سبسڈی حکومت دیتی ہے تاہم پشاور کے منصوبے میں سبسڈی نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پشاور کا منصوبہ 67ارب روپے میں مکمل ہوگا اور پشاور میں بسیں خریدی گئی ہیں لیکن لاہور میں میٹرو بسیں کرائے پر لی گئی ہیں تاہم میٹرو سے متعلق کوئی بھی فیصلہ پنجاب حکومت کرے گی۔