لاہور(نمائندہ خصوصی)تبلیغی مرکز رائیونڈ میں سندھ سے تعلق رکھنے والے جوڑ والوں کا سالانہ تین روزہ اجتماع جاری ہے جو آج جمعہ کے روز خصوصی دعا کے بعد اختتام کو پہنچے گا۔ اجتماع میں سابق وزیراعلیٰ سندھ ارباب رحیم اور غلام رسول نے بھی مختصر شرکت کی۔ جبکہ متحدہ مجلس عمل کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے رائیونڈ تبلیغی مرکز اچانک پہنچ کر مولانا عبدالوہاب کی عیادت کی۔ وہ خاموشی سے مرکز آئے اور مولانا عبدالوہاب کے ساتھ دس منٹ گزارنے کے بعد واپس چلے گئے۔ معلوم ہوا کہ رائیونڈ تبلیغی مرکز کے بعد وہ جاتی امرا میاں نواز شریف سے ان کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر تعزیت کے لیے پہنچے۔ ادھر تبلیغی مرکز سے ”امت“ کو معلوم ہوا ہے کہ جوڑ کے اجتماع میں اس وقت تقریباً ایک لاکھ افراد شریک ہیں۔ یہ وہ تبلیغی کارکن ہیں جو چار ماہ کا تبلیغی چلہ لگا چکے ہیں اور اب سالانہ سرگرمی کے طور پر جوڑ میں شریک ہیں۔ ایک دن بعد بنوں سے تعلق رکھنے والے تبلیغی کارکنوں کا جوڑ کا اجتماع شروع ہو گا۔ تبلیغی مرکز کے ذرائع نے ”امت“ کو بتایا مولانا عبدالوہاب جنہیں پھیپھڑوں کی تکلیف ہے۔ دو روز قبل اسپتال سے تبلیغی مرکز منتقل ہو گئے تھے جہاں ان کی تیمارداری پر ایک ڈاکٹر اور دو خادمین موجود ہیں۔ڈاکٹروں نے انہیں آرام کا مشورہ دے رکھا ہے۔