نئے آئی جی نے مزار قائد پر حاضری دی-فاتحہ خوانی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)آئی جی سندھ ڈاکٹرسیدکلیم امام نے مزارقائد پر حاضری دی اور مزار پر پھولوں کی چادر چڑھاتے ہوئے بانی پاکستان کے لیے فاتحہ خوانی کی، میڈیا ٹاک کے دوران انہوں نے کہا کہ ہم پیشہ ورانہ انداز میں مزید بہتری کے لیے کریں گے اور غیر ضروری تبدیلیاں نہیں کریں گے۔سندھ پولیس کی قیام امن کے لیے دی جانے والی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔میں تمام شہدا اور زخمیوں کو سیلوٹ پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ اسٹریٹ کرائم کے حوالے سے حکمت عملی کو مزید ٹھوس بنایا جائے گا۔پولیس برتائو سلوک اور کارکردگی جیسے مسائل سمیت تھانوں کے کلچر پر بھی کام کیا جائے گا۔اے ڈی خواجہ سمیت تمام سابق افسران کے اچھے کام ختم نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ایس ایچ اوز کی تعیناتی کی مدت کا خاص خیال رکھیں گے۔تھانوں کی حالت بہتر ہونے سے پہلے کسی افسر کے گھر کا کام نہیں ہوگا۔ کوئی بھی افسر دو سے زائد ملازم نہیں رکھ سکے گا اور نہ ہی دو گاڑیوں سے زائد گاڑیاں استعمال کرسکے گا۔جرائم میں ملوث اہلکار اور افسران کےخلاف کارروائی کریں گے۔لاپتہ افراد ایک بڑا مسئلہ ہے، ہمیں اس پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔دریں اثنا آئی جی کلیم امام کی زیر صدارت اجلاس میں محرم سمیت سیکیورٹی کے مجموعی امور کا جائزہ لیا گیا۔ آئی جی نے ہدایات دیں کہ محرم سیکورٹی کے مجموعی اقدامات کو کنٹی جینسی پلان کے مطابق انتہائی ٹھوس اور غیر معمولی بنایا جائے۔تھانہ کلچر کو تبدیل کرتے ہوئے اضلاع کی سطح پر عوام دوست ماحول کو فروغ دیا جائے۔ایف آئی آر کے اندراج میں ہرگز تاخیر نہ کی جائے اور متاثرہ شہریوں کو جلد سے جلد انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

Comments (0)
Add Comment