گورنر کی پیر پگارا سے ملاقات-مسائل کے حل پر تبادلہ خیال

کراچی(اسٹاف رپورٹر )گورنر سندھ عمران اسماعیل نے حروں کے روحانی پیشوا پیر پگارا سید صبغت اللہ شاہ راشدی سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی۔ملاقات میں عوامی مسائل کے حل، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنر سندھ نے کہا کہ پیر پگارا صوبے کی اہم روحانی اور سیاسی شخصیت ہیں۔ان سے ملاقات عوامی مسائل کے حل کے لئے صوبہ کے تمام اسٹیک ہولڈرز سے تبادلہ خیال کے عمل کا حصہ ہے۔وفاقی ترقیاتی منصوبوں میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی شمولیت ان کی معیاری تکمیل کے لئے ضروری ہے۔ پیرپگارا نے گورنر سندھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں منصب سنبھالنے پر مبارکباد بھی دی۔انہوں نے کہا کہ گورنر سندھ کی جانب سے تمام اسٹیک ہولڈرز سے ملاقات کے عمل کا آغاز خوش آئند ہے۔ملاقات میں اراکین اسمبلی حلیم عادل شیخ ، جمال صدیقی اور دیگر بھی موجود تھے۔علاوہ ازیں گورنر سندھ سے گورنر ہائوس میں نئے آئی جی سندھ کلیم امام اور چینی قونصل جنرل وانگ یو نے ملاقاتیں کیں۔گورنر نےکہا کہ صوبے میں امن کے قیام میں پولیس نے اہم کردار ادا کیا ہے ۔عمران اسماعیل نے چینی قونصل جنرل سے ملاقات میں کہا کہ پاک چین دوستی حکومتوں کی تبدیلی سے مشروط نہیں۔ہر آزمائش پر پوری اتری ہے ۔

Comments (0)
Add Comment