کراچی (بزنس رپورٹر) ورلڈ میمن آرگنائزیشن گلوبل یوتھ ونگ کے پاکستان ونگ کے وائس چیئرمین اور ہاشمانیز گروپ آف ہاسپیٹلز کے سی ای او ارسلان ہاشمانی نے کہا ہے کہ نئی حکومت میں نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے زیادہ مواقع ملیں گے، انہیں چاہیے کہ وہ اپنا لوہا منوا کر ملکی تعمیر وترقی میں قائدانہ کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں فیوچر لیڈر اینڈ انٹرپرینورشب کانفرنس کے افتتاحی سیشن میں خطبہ استقبالیہ دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ ورلڈمیمن آرگنائزیشن کا گلوبل یوتھ ونگ 9 ممالک میں پھیلا ہوا ہے، جس کا مقصد نوجوانوں کو بااختیار کرنا ہے۔ یہ ملکی سطح پر پہلا بڑا میگا ایونٹ تھا۔ اب عالمی سطح پر دیگر ممالک میں بھی ایونٹس ہوں گے جس میں نوجوانوں کے وفود کا تبادلہ بھی کیا جائے گا، تاکہ ان کی صلاحیتوں کو مزید نکھارا جاسکے۔