ادلب میں ترک فوج داخل – ایران – روس کو انتباہ

انقرہ/عمان(امت نیوز/ایجنسیاں) شام میں اپوزیشن کے آخری گڑھ ادلب میں کارروائی کیلئے اسد رجیم، اس کے حلیف ایران اور روس نے فوجی قوت اور اسلحہ حلب شہر کی سرحد پر جمع کرنا شروع کردیا ۔عرب ٹی وی کے مطابق ایرانی ملیشیا کے 4 ہزار جنگجو علاقے میں پہنچے ہیں۔دوسری جانب ترک فوج شہریوں کو بچانے کیلئے ادلب میں داخل ہوگئی ہے۔ انقرہ عوامی فوج کو اسلحہ سپلائی پہلے ہی بڑھا چکا ہے۔صدر اردوغان نے تہران اور ماسکو کو خبرداربھی کیا ہے کہ شامی شہر ادلب پر حملے کی قیمت پوری دنیا کو ادا کرنی پڑسکتی ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو اس معاملے پر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، بصورت دیگر سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا، حملہ یورپی ممالک کیلئے بھی سیکورٹی خطرے کا باعث بن سکتا ہے۔ برطانوی خبررساں ادارے کے مطابق ترک حکومت اور فوج کے 3سینئر افسران نے بتایا کہ فوجی ، بکتر بند گاڑیاں اور آلات شامی سرحد پر بھجوا دیئے ہیں۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک سینئر فوجی ذریعے نے بتایا کہ ترک فوج نے ادلب میں قائم 12چوکیوں کو مضبوط بنانے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ ذریعے کا کہنا تھا کہ ادلب میں ہماری عسکری موجودگی ہے اور اگر اس کے خلاف کوئی کارروائی ہوئی تو اسے ترکی پر حملہ تصور کیا جائے گا۔جس کا ہم منہ توڑ جواب دیں گے۔

Comments (0)
Add Comment