نواز شریف کا طبی معائنہ – تدفین کے انتظامات کا جائزہ لیا

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک/ایجنسیاں) مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف کا شریف میڈیکل سٹی میں طبی معائنہ کیا گیا ۔ سابق وزیراعظم نے کلثوم نواز کی نماز جنازہ کے انتظامات کا جائزہ لینے کے ساتھ اپنے والد اور بھائی کی قبر پر حاضری دیکر فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر کارکنوں سمیت لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی۔ہجوم کی وجہ سے سابق وزیراعظم کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جو پہلے ہی اہلیہ کے انتقال کے صدمے سے نڈھال ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی جاوید مرزا نے میڈیا کو بتایا کہ نواز شریف تندرست ہیں لیکن انہیں بیگم کی وفات کا بہت صدمہ ہے۔گزشتہ روز بھی ڈاکٹروں نے انہیں کسی سے ملنے سے روک دیا تھا۔قبل ازیں نواز شریف جمعرات کی صبح سخت سیکورٹی میں شریف میڈیکل سٹی پہنچے اور اپنا طبی معائنہ کروایا ،ڈاکٹروں نے قائد ن لیگ کو تندرست قرار دیا تاہم ان کے خون کے نمونے لے لئے گئے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز نوازشریف کی گزشتہ روز طبیعت ناساز تھی ،انہیں بخار اور خراب گلے کی شکایت تھی، ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد انہیں آرام کا مشورہ دیا تھا۔بعد ازاں انہوں نے بیگم کلثوم نواز کے جنازہ پڑھائے جانے کی جگہ کا بھی دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ جنازہ پڑھنے کے لیے آنے والوں کو کسی قسم کی کوئی مشکل درپیش نہیں آنی چاہیے۔بہترین انتظامات کیے جائیں ۔سابق وزیراعظم شریف میڈیکل سٹی میں 15 سے 20 منٹ تک رہے اور پھر واپس جاتی امرا روانہ ہو گئے۔ادھر جاتی امراء میں بیگم کلثوم نواز کی تعزیت کے لئے لوگوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ مریم اورنگزیب، سلمان شہباز، مئیر لاہور کرنل (ر)مبشر سمیت دیگر بھی پہنچے۔آج شام 5 بجے شریف میڈیکل کمپلیکس کے گراؤنڈ میں نمازِ جنازہ ادا کی جائے جس کے بعد بیگم کلثوم نواز کو میاں شریف کے پہلو میں سپردخاک کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں تمام تر ذمہ داریاں پرویز ملک، خواجہ عمران نذیر، عطاء اللہ تارڑ اور عباس شریف کے اہل خانہ کو سونپی گئی ہیں۔

Comments (0)
Add Comment