اسلام آباد(امت نیوز) فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر طارق مسعود نے کہاہے کہ طلباء کو تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ، ساتھ کھیلوں کی سرگرمیوں میں بھرپور طریقے سے حصہ لینا چاہیئے کیونکہ کھیلیں نوجوانوں کی نشوونما کیلئے بے حد ضروری ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز اسلام آباد ماڈل کالج فار بوائز ایف سیون تھری میں آرچری ورکشاپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ صحت مند معاشرے کی تشکیل کیلئے کھیلوں کا انعقاد بہت ضروری ہے اور کھیلیں معاشرے میں بھائی چارے کا درس دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسی سکول اور کالجز سے کھلاڑیوں نے ہاکی اور کرکٹ میں عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کیا ہے۔