دبئی (امت نیوز)پاکستان کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ اوپنر امام الحق نے کہاہے کہ یہ میری غلطی نہیں ہے کہ میں انضمام الحق کا بھتیجا ہوں ۔۔دبئی اکیڈمی میں ایک انٹرویوکے درمیان جب سوال کیا گیا کہ چیف سلیکٹر اور سابق کرکٹر انضمام الحق کے بھتیجے ہونے کی وجہ سے میڈیا نے آپ پر جس طرح تنقید کی، اس پر پریشانی تو نہیں ہوئی سوال کا جواب دینے کیلئے انہوں نے جارحانہ انداز اختیار کیا اور کہا کہ میں اعتراف کرتا ہوں کہ میڈیا پر مجھ پر غیر ضروری تنقید ہو رہی تھی لیکن میں نے کارکردگی دکھا کر میڈیا کو خاموش کرنے کی کوشش کی ہے اور کرتا رہوں گا۔امام الحق نے شکوہ کیا کہ جب میں نے حبیب بینک کی جانب سے ٹرافی کے فائنل میں ڈبل سنچری بنائی تھی اس وقت میڈیا میرے حق میں نہیں بولا۔جب میں نے بنگلہ دیش میں پاکستان اے کی جانب سے 2 سنچریاں بنائیں تو اس وقت بھی میڈیا کی توپیں خاموش تھیں ،جب میرا پاکستان ٹیم میں سلیکشن ہوا تو کہا گیا کہ میں انضمام الحق کا بھتیجا ہوں اور جب پہلی سنچری بنائی تو آواز آئی یہ تو تکا ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈبلن میں آئرلینڈ کے خلاف میچ جتوایا تو بھی میڈیا نہیں بولا ،جب میں نے زمبابوے کے خلاف 3 سنچریاں بنائیں تو کہا گیا کہ کمزور ٹیم اور کمزور حریف کے خلاف 3 سنچریوں کی کیا ویلیو ہے۔