راولپنڈٰ ی (نمائندہ امت)تحریک انصاف کا موروثی سیاست کے خاتمے کا وعدہ وفا نہ ہو سکا، راولپنڈی کے ضمنی انتخاب میں شیخ رشید کے بھتیجے اور غلام سرورکے بیٹے کو امیدوار نامزد کردیا گیا، کارکنوں نے راشدشفیق کی انتخابی مہم چلانے سے انکارکردیا ۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے حلقہ این اے 60 پر عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کے بھتیجے شیخ راشد شفیق او این اے 63سے غلام سرور خان کے بیٹے منصور حیات خان کو پی ٹی آئی کا ٹکٹ جاری کیاگیاہے۔ ٹیکسلا کی نشست پر پی ٹی آئی کے کسی دوسرے امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے تھے ۔ اس حلقہ میں صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی 19 سے غلام سرور کے بھتیجے صدیق خان ایم پی ہیں ۔ این اے 60میں موروثی سیاست کے خلاف پی ٹی آئی کے مقامی رہنماوں اور کارکنان نے مہم کا آغاز کر دیا ہے ۔پی ٹی آئی کے دونوں امیدواروں کے لئے ضمنی الیکشن کی مہم چلانا مشکل ہو گیا ۔ پی ٹی آئی کے ٹکٹ کے امیدواروں نے حلقہ این اے 60 سے شیخ راشد شفیق کی الیکشن مہم چلانے سے انکار کر دیا ہے جس کے بعد پنڈی کی سیاست مٰیں ایک مرتبہ پھر ہلچل مچ گئی ہے ۔