مقبوضہ بیت المقدس(امت نیوز) غزہ کی سرحد پر احتجاج کرنیوالے فلسطینی مظاہرین پر اسرائیلی فائرنگ سے بچے سمیت 3 نوجوان شہید اور 120 سے زائد زخمی ہوگئے۔ عالمی میڈیا کے مطابق ہزاروں فلسطینی نوجوانوں، خواتین اور بچوں نے حقوق بحالی تحریک اور امریکی سفارت خانے کی مقبوضہ بیت المقدس منتقلی کیخلاف اسرائیلی سرحد کے قریب قابض فوج کے خلاف احتجاج کیا۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے اسرائیلی فوج نے ایک بار پھر وحشیانہ کارروائیاں کرتے ہوئے براہ راست گولیاں ماریں اور آنسو گیس شیل فائر کئے ،جس کے نتیجے میں 12 سالہ فلسطینی سمیت 3 نوجوان شہید ہوگئے۔ غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فائرنگ سے ایک نوجوان شمالی اور دوسرا جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس میں شہید ہوا، جبکہ 120 افراد زخمی ہیں، جن میں 6 کی حالت تشویش ناک ہے۔ نہتے مظاہرین نے ٹائرجلائے اور قابض فوج پر پتھراؤ کیا۔مظاہروں میں نوجوانوں کے ساتھ ساتھ خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ادھرغیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسرائیل نے غزہ کی پٹی و غرب اردن میں لوگوں کی آمد و رفت کیلئے استعمال ہونیوالی گزر گاہ ایریز کو کھول دیا۔