اسلام آباد(نمائندہ امت) وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان ریلوے کی اراضی قبضہ مافیا سے واگزار کرانے کااعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ صرف کراچی میں ریلوے کی زمینیں فروخت کر کے ملک کا قرضہ اتارا جا سکتا ہے، وزیر اعظم کی ہدایت پر ریلوے نے 65 برس سے زائد عمر کے افراد اور نابینا افراد کے لیے ریلوے ٹکٹوں میں 50 فیصد، جبکہ 75 برس سے زائد عمر کے افراد کے لیے مفت سفری سہولیات کا اعلان بھی کر دیا ہے۔ جمعہ کے روز وزیر اعظم ہائوس میں میاں والی ریل کار اور راولپنڈی ایکسپریس ٹرینوں کے افتتاح کے بعد اپنے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ ریلوے کی واگزار کرائی گئی زمین 100 ارب روپے سے زائد کی ہے۔ ریلوے ٹریکس کو بڑھایا جائے گا اور دور دراز علاقوں تک ریلوے لائنیں بچھائی جائیں گی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ انگریز جو ٹریک چھوڑ گیا،وہی پرانا سسٹم آج بھی موجود ہے۔ اس موقع پروزیرریلوے نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ریلوے گوادر میں مزید 318 ایکڑ زمین خرید رہی ہے۔ گوادرسے کوئٹہ اور تورخم کےلیے سروس کاافتتاح کریں گے، پاکستان کی 65 فیصد آبادی ریلوے لائن (ایم ایل ون) کے دونوں اطراف آباد ہے۔