ضلع جنوبی میں گیس بحران سنگین ہوٹل بھی بند

کراچی(رپورٹ:محمدنعمان اشرف)ضلع جنوبی میں گیس بحران سنگین ہوگیا، جس کے باعث جہاں لاکھوں صارفین اذیت کا شکار ہیں، وہیں ہوٹل اور چائے خانے بھی بند ہوگئے۔بعض ہوٹلوں پر سلنڈر سے چائے و کھانے پکائے جارہے ہیں، جس پر ہوٹلوں اور تندوروں پر عوام کی لمبی قطاریں لگی رہیں۔ ہوٹلوں پر کام کرنے والے دیہاڑی دار مزدور بھی شدید متاثر ہورہے ہیں۔منتخب رکن اسمبلی اور وزیر بلدیات نے گیس بندش کا نوٹس لیا ہے۔ حکومت سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کو سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام نے ضلع جنوبی میں اچانک گیس کی فراہمی بند کرنے کے 4 گھنٹے بعد بتایا کہ آئی سی آئی چورنگی پر ڈسٹرکٹ میٹرنگ اسٹیشن کی اپ گریڈیشن کا کام کیا جارہا ہے، تاکہ ملحقہ علاقوں میں گیس پریشر کو مزید بہتر کیا جاسکے۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ 4 سے 5گھنٹے میں اپ گریڈیشن کا عمل مکمل کرکے گیس کی فراہمی معمول کے مطابق بحال کردی جائے گی، تاہم گیس کی فراہمی جمعہ کو بھی بحال نہیں ہوسکی، جس کے باعث لیاری کے مختلف علاقوں سمیت ضلع غربی اور جنوبی کے علاقوں میں گیس نہ ہونے سے لاکھوں صارفین شدید متاثر ہوئے۔گیس کی بندش سے ہوٹلوں پر بھی کھانا نہ مل سکا۔بعض ہوٹل اور چائے خانوں میں سلنڈر لگا کر کھانا اور چائے تیار کی جاتی رہی، جس سے ان ہوٹلوں کے باہر لمبی لمبی قطاریں لگی رہیں۔امت کو ہوٹل میں کام کرنے والے نوراللہ نے بتایا کہ یومیہ 500 روپے دیہاڑی پر مزدوری کرتا ہوں، لیکن گیس نہ ہونے سے 2روز سے ہوٹل بند پڑا ہوا ہے اور دیہاڑی نہ ملنے پر پریشانی میں مبتلا ہوگیا۔دوسری جانب گیس بندش پر علاقہ مکینوں کی جانب سے احتجاج شروع کیا گیا ، تو لیاری سے منتخب رکن اسمبلی سید عبدالرشید نے سوئی گیس حکام سے رابطہ کیا اور بغیر اطلاع بندش پر برہمی کا اظہار کیا۔امت کے رابطے پر عبدالرشید نے کہا کہ ایم ڈی ایس ایس جی سی امین راجپوت کا کہنا تھا کہ ایس ایس جی سی کی طرف سے ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں گیس سپلائی اور گیس پریشر کی بہتری( اپ گریڈیشن ) کا کام کیا جا رہا ہے، تا کہ لیاری، کیماڑی،جیکسن مارکیٹ،ٹاور ،کھارادر اور ان کے ملحقہ علاقوں میں صارفین کو گیس پریشر کے حوالے سے پیش آنے والے ایشوز کو ختم کیا جاسکے۔اسی کام کی وجہ سے لیاری ،کھارادر،ٹاور ،مچھر کالونی،سعید آباد کیماڑی،جیکسن مارکیٹ،اور ان سے ملحقہ علاقوں میں 2 روز تک گیس پریشر کم ہے۔رکن اسمبلی عبدالریشد کا کہنا تھا کہ کمپنی کی غیر ذمہ دارانہ حرکت سے لیاری اور ملحقہ علاقوں کے عوام کو ذہنی اذیت اٹھانا پڑ رہی ہے۔ترقیاتی کاموں سے قبل عوام کو آگاہ کیا جاتا ہے تاکہ لوگ اپنا متبادل انتظام کرلیں۔امید ہے وفاقی حکومت کمپنی حکام سے باز پرس کریں گے۔دوسری جانب وزیر بلدیات سعید غنی نے بھی لیاری اور اطراف میں گیس بندش کا نوٹس لیتے ہوئے ایم ڈی ایس ایس جی سی رابطہ کیا، تو انہوں نے سعید غنی کو جلد مسئلہ حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ 2 دن کے اندر اپ گریڈیشن کا کام مکمل کرلیا جائے گا۔

Comments (0)
Add Comment