واشنگٹن(امت نیوز)تباہ کن سمندری طوفان ’فلورنس‘ امریکہ میں داخل ہو گیا۔5ریاستوں شمالی کیرولائنا ، جنوبی کیرولائنا، جارجیا، میری لینڈ اور ورجینیا میں ہنگامی حالت نافذ کر کے فوج طلب کر لی گئی جبکہ 17لاکھ افراد ساحلی علاقوں سے نکل گئے ہیں۔شمالی کیرولائنا میں طوفانی ہواؤں اور تیز بارش کے بعد سمندری پانی ساحلی علاقوں میں داخل ہونے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کی گئیں۔شمالی اور جنوبی کیرولائنا اور ورجنیا میں 12ہزار لوگ ہنگامی پناہ گاہوں میں رہنے پر مجبور ہو گئے جبکہ ولمنگٹن شہر میں 15ہزار افراد بجلی سے محروم ہیں۔بارشوں سے شاہراہیں ڈوب گئی ہیں اور دریا اپنے کناروں سے ابل پڑے ہیں۔ہواؤں کی رفتار 165کلو میٹر فی گھنٹہ ہے ۔ ریاست میامی میں کئی مقامات پر سیلابی ریلوں کا خدشہ ظاہر کیا گیاہے۔دریں اثنا فلورنس سے بھی زیادہ خطرناک سمندری طوفان” منگ کھٹ“ آج ہفتے کو فلپائن سے ٹکرائے گا اور وہاں سے جنوبی چین ، ویت نام اور لاؤس کا رخ کرے گا۔منگ کھٹ طوفان سے گوام میں وسیع علاقے میں گھر تباہ اور بجلی کا نظام درہم برہم ہو چکا ہے۔ گوام امریکی عمل داری میں آتا ہے۔