کے الیکٹرک نے بجلی بندش 12 گھنٹے تک پہنچا دی

کراچی(اسٹاف رپورٹر )کے الیکٹرک کی غیر اعلانیہ بجلی بندش نے صارفین کو رلا دیا،مختلف علاقوں میں دن بھر بجلی بندش سے شہری اذیت میں مبتلا ہیں ، رات کے اوقات میں بھی 2 گھنٹے سے 3 گھنٹے بجلی منقطع کر دی جاتی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک نے شہر میں لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں اضافہ کر دیا ہے ، شہر کے مختلف علاقوں میں دن بھر بجلی کی فراہمی منقطع رکھی جاتی ہے ،معلوم ہوا ہے کہ کے الیکٹرک نے لیاری، اورنگی، لانڈھی،کورنگی،ملیر،لیاقت آباد،گارڈن، رنچھور لائن، صدر، بلدیہ،کیماڑی،مواچ گوٹھ،شاہ فیصل،ماڑی پور،مشرف کالونی،بنارس،لسبیلہ،کالا پل،قیوم آباد،پرانا گولیمار،لائنز ایریا،بزرٹہ لائن ،منظور کالونی،بلال کالونی،قائدآباد،رزاق آباد،گلشن حدید، چنیسر گوٹھ،محمود آباد،اعظم بستی،گرین ٹاؤن،ڈرگ روڈ،شیری جناح کالونی، مچھر کالونی،نیو کراچی،ناظم آباد،نارتھ ناظم آبادسمیت دیگر علاقوں میں بجلی بندش کا دورانیہ 12گھنٹے تک پہنچا دیا ہے ۔دن بھی بجلی کی فراہمی منقطع رکھنے کے باوجود رات کے اوقات میں بھی بجلی بند کر دی جاتی ہے جس کے باعث شہریوں کو سخت پریشانی کا سامنا ہے ۔اس سلسلے میں لانڈھی کے رہائشی محمد ثاقب نے بتایا کہ کے الیکٹرک کی جانب سے چند دن قبل تک دن تین بار ڈھائی گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جاتی تھی تاہم اب علاقے میں دن بھر بجلی غائب رہتی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ کے الیکٹرک سے رابطہ کرنے پر بتایا جاتا ہے کہ مرمتی کام کی وجہ سے بجلی بند ہے اور کچھ دیر میں بجلی بحال ہو جائے گی تاہم بجلی بحال نہیں کی جاتی، معلوم ہوا ہے کہ ابوالحسن اصفہانی روڈ میں 12 گھنٹے تک بجلی بند کی جارہی ہیں ، ابو الحسن روڈ پر واقع چیپل گارڈن کے رہائشی احمد نے بتایا کہ کے الیکٹرک کی جانب سے صبح 8بجے سے لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع ہوتا اور دن میں تین بار ڈھائی گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جاتی تھی تاہم اب صبح 7 بجے ہی علاقے کی بجلی بند کر دی جاتی ہے ، ان کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک نے لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں اضافہ کر دیا ہے اور 24 گھنٹوں میں محض 12 گھنٹے ہی بجلی فراہم کی جا رہی ہے ۔ کورنگی ناصر کالونی کے رہائشی وقار نے ’’امت‘‘ کو بتایا کہ کے الیکٹرک کی جانب سے شہریوں کے ساتھ جانوروں والا سلوک برتا جا رہا ہے،انہوں نے بتایا کہ علاقے میں صبح 8 بجے بجلی بند کی جاتی ہے اور شام عصر کے وقت بجلی بحال کی جاتی ہے ، ان کا کہنا تھا کہ علاقے میں رات کے اوقات میں بھی لوڈشیڈنگ معمول بن گئی ہے شکایت کرنے پر کبھی لوڈشیڈنگ کے وقت میں تبدیلی اور کبھی تکنیکی خرابی بتا کر انتظار کرنے کا کہہ دیا جاتا ہے،دفتر جانے پر بھی کوئی شنوائی نہیں ہوتی، انہوں نے کہا کہ حکومتی ادارے بھی خاموش بیٹھے ہیں،ان کا کہنا تھا کہ حکام بالا سے اپیل کرتے ہیں کہ کے الیکٹرک کی جانب سے شہریوں کو دی جانے والی اذیت کا نوٹس لے ۔

Comments (0)
Add Comment