وزیراعظم کل پہلے ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچیں گے

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر اعظم عمران خان اتوار کو اپنے پہلے ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچیں گے۔وہ مزار قائد پر حاضری کے ساتھ امن و امان سمیت وفاق کے تعاون سے جاری منصوبوں سے متعلق اجلاسوں کی صدارت بھی کریں گے۔عمران خان وزارتِ عظمیٰ سنبھالنے کےبعد اتوار کو پہلی بار کراچی کے ایک روزہ دورے پر آرہے ہیں۔وزیر اعظم عمران خان کی آمد پر روایت کے برعکس تمام اجلاس گورنر ہاؤس کے بجائے اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں ہوں گے۔دورے کے موقع پر وفاق کے تعاون سے کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور امن و امان کے حوالے سے اجلاسوں کی صدارت کریں گے۔وزیر اعظم اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں پودا لگانے کے علاوہ تاجروں، نمایاں شخصیات اور صحافیوں کے وفود سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کریں گے۔ اتوار کی رات وزیر اعظم گورنر ہاؤس میں فنڈ ریزنگ عشائیے میں شرکت کریں گےاور اسی رات اسلام آباد روانہ ہو جائیں گے۔

Comments (0)
Add Comment