لاہور (ایجنسیاں)سابق وزیراعظم نواز شریف کی رہائش گاہ جاتی امرامیں داخلے سے روکنے پرلیگی کارکن مشتعل ہو گئے اور ان کی باہر مرکزی راستے پر پولیس سے تلخ کلامی کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔ بیگم کلثوم نواز کی وفات پر اظہار تعزیت کیلئے آنے والے لیگی قافلوں میں شامل کارکنوں نے مسلم لیگ کی قیادت سے ملنے کیلئے جاتی امراء کے اندر جانا چاہا لیکن پولیس اہلکاروں نے لیگی کارکنوں کو اندر جانے سے روک دیا جس پر لیگی کارکنوں نے احتجاج کرتے ہوئے شدید نعرے بازی کی۔ کارکنوں کا کہنا تھا کہ وہ دور دراز کے علاقوں سے قیادت سے ملنے کیلئے آئے ہیں جبکہ داخلی راستے پر متعین پولیس اہلکاروں کا کہنا تھاکہ انہیں اندر سے ہدایات وصول ہیں کہ وی وی آئی پی اور وی آئی پی شخصیات کے ساتھ ساتھ صرف شریف خاندان کے لوگوں کو اندر آنے کی اجازت ہے لہٰذا کارکنوں کی ہدایت کی جائے کہ وہ نماز جنازہ میں شرکت کیلئے شام کے وقت شریف میڈیکل سٹی اسپتال پہنچ جائیں۔