لاہور (ایجنسیاں)سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی وفات پر اظہار تعزیت کیلئے ملک بھر سے خواتین کارکنوں کی کثیر تعداد جاتی امراء پہنچ گئی ۔لیگی خواتین اپنے اپنے قائدین کی قیادت میں قافلوں کی شکل میں سندھ ،آزاد کشمیر ،کے پی کے اور پنجاب کے مختلف اضلاع سے جاتی امراء پہنچیں۔ لاہور پہنچنے والی خواتین کے ایک بڑے قافلے کی قیادت مسلم لیگ ن کی خاتون سینیٹر نجمی حمید کررہی تھیں۔ بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر اظہار تعزیت اور آخری دیدار کیلئے آنے والی خواتین کارکنوں کو جاتی امراء کے اندر داخل نہ ہونے دیا گیا جس پر ان کی جانب سے شکوہ کیاگیاکہ ہم اپنی قائد کا آخری دیدار کرنے کے لئے اتنا سفر طے کر کے یہاں پہنچی ہیں لیکن ہمیں اندر جانے سے روک دیا گیا ہے ۔