کراچی(اسٹاف رپورٹر)جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت نے سب جیل قرار دیئے گئے اسپتال کے کمرے سے شراب و دیگرغیر ممنوعہ اشیا برآمدگی کیس میں شرجیل میمن کے پروڈکشن آرڈر جاری کردیئے جب کہ چالان جمع کرانے کیلئے تفتیشی افسر کو مہلت دیتے ہوئے سماعت 18 ستمبر تک ملتوی کردی ۔ہفتہ کے روز سماعت کے دوران ضمانت پر رہا 3 ملزمان شکردین , محمد جام اور محمد مشتاق علی پیش ہوئے ،تاہم سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن کو نہیں لایا گیا۔ وکیل صفائی نے سماعت ملتوی کرنے کی درخواست جمع کرائی جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ جب تک ملزم شرجیل کی کسٹڈی نہیں آجاتی یا کیس کے چالان سے متعلق رپورٹ نہیں آتی آئندہ تاریخ نہیں دی جاسکتی تاہم کیس کے تفتیشی افسر نے عدالت میں پیش ہوکر کیس کا چالان جمع کرانے کے لئے مہلت طلب کی جسے عدالت نے منظور کرلیا او کیس کی مزید سماعت 18ستمبر تک ملتوی کردی ۔واضح رہے کہ ملزمان کے خلاف بوٹ بیسن تھانے میں مقدمہ درج ہے۔دریں اثنا ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی عدالت نے ایگزیکٹ کے سی ای او شعیب شیخ و دیگر خلاف منی لانڈرنگ کیس میں ملزم شیعب شیخ کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظورکرتے ہوئے سماعت6 اکتوبرتک ملتوی کردی ہے۔ہفتہ کے روزسماعت کے موقع پر یونس ، جنید سمیت دیگر ملزمان پیش ہوئے ۔