لزبن ( مانیٹرنگ ڈیسک) پرتگال میں کافی پر کی گئی ایک تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ گردوں کے مریض اگر اس کا باقاعدہ روزانہ استعمال کریں تو اس سے ان کی عمر میں اضافہ ہوسکتا ہے۔اس ضمن میں پرتگال میں واقع نارتھ لزبن ہاسپٹل سینٹر کے ماہر ڈاکٹر میگوئل بگوٹے ویرا نے گردے کے مرض میں برسوں سے مبتلا ہزاروں مریضوں پر ایک طویل سروے کیا ہے۔ مطالعے میں 1999سے 2000تک امریکہ میں گردوں کے 4,863مریضوں کا احتیاط سے جائزہ لیا گیا ۔اس سروے میں معاشی صورتحال، رنگ، نسل، ماحول، جنس، طرزِ حیات اور غذا کو بھی شامل کیا گیا۔ معلوم ہوا کہ مناسب مقدار میں کافی پینے والوں کی بیماری کے باوجود عمر زیادہ رہی تھی جبکہ کم کافی پینے والے مریض جلد اس دنیا سے رخصت ہو گئے۔واضح رہے کہ اس سروے میں گردے کے وہ مریض شامل تھے جو اس بیماری کی شدید کیفیت کے شکار تھے۔ماہرین نے اندازہ لگایا کہ اگر گردے کے مریض روزانہ کافی استعمال کریں تو اس سے اگلے پانچ برس کے اندر انتقال ہونے کا خطرہ 25فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔