دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) کرتارپور سرحد کھولنے کی پاکستانی پیش کش پر بھارتی وزراکو ابھی تک یقین نہیں آرہا ہے۔بھارت کی یونین منسٹر برائے فوڈ ٹیکنالوجی اورپرکاش سنگھ بادل کی بہو ہرسمرت کوربادل نے بھارتی وزیرخارجہ سشما سوراج کو خط لکھ کر تصدیق کا مطالبہ کردیا۔انہوں نے ان خدشات کا اظہار کیا ہے کہ شاید پاکستانی آرمی چیف نے بھارتی سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو سے کرتار پور سرحدکھولنے کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی ہے اور نوجوت سدھو غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں۔ہرسمرت کور نےلکھا ہے کہ شرومنی اکالی دل اورسردارپرکاش سنگھ بادل کئی برسوں سے ڈیرہ بابا نانک سے گوردوارہ دربار صاحب کرتار پور کا کوریڈور کھولے جانے کا مطالبہ کرتے آرہے ہیں تاکہ بھارت میں بسنے والے لاکھوں سکھ یہاں سے دربار صاحب کے درشن کرسکیں تاہم کوئی پیش رفت نہیں ہوئی تھی۔ہرسمرت کور نے وزیرخارجہ سے مطالبہ کیا کہ اس معاملے پر پاکستان سے مذاکرات کئے جائیں۔دریں اثنا سکھ مذہب کے بانی باباگورونانک کی 479ویں برسی کی تقریبات 20سے 22ستمبرتک کرتارپورمیں ہوں گی۔ دوسری جانب متروکہ وقف املاک بورڈنے ننکانہ صاحب میں بابا گورونانک کے 549ویں جنم دن کی تقریبات کا شیڈول جاری کردیا ہے جس کے مطابق بھارت سمیت دنیا بھرسے ہزاروں سکھ یاتری 21نومبرکو پاکستان پہنچیں گے۔