لاہور ( خبرایجنسیاں) وفاقی وزیر ریلوےشیخ رشیداحمد نےکہاہےکہ ریلوے کی قیمتی زمینیں بیچنے کیلئے وزیراعظم کوآرڈیننس جاری کرنےکی تجویزدی ہے،اراضی واگزار کروانےکےدوران کچی آبادی والوں کو تنگ نہیں کیا جائے گا ،23ہزارافراد بھرتی کرنے کیلئے وزیراعظم کوخط لکھا ہے تاہم 10ہزار افراد فوری بھرتی کے جائیں گے، اس کے علاوہ ریلوے ہسپتالوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سے چلایاجائے گا،کسی صورت ریلوے کے کرایوں میں اضافے کے حق میں نہیں ہوں ،عوام کی سہولت کیلئے ایک اور نئی ٹرین چلا دی جبکہ مزید 2گاڑیاں 16ستمبر سے چلائی جائیں گی ، 7ریجنل ہید کوارٹرز میں صاف پانی کے ٹینڈر بھی میرٹ پر طلب کئے جائیں گے ،شالیمار کیس میں خود پنڈی سے نیب کو بھجواؤں گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ریلوے ہیڈ کواٹرز لاہور میں اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ شیخ رشید نے کہا کہ گزشتہ دور میں ایک سٹیشن کو اپ گریڈ کرنے پر 2ارب روپے خرچ کیے گئے مگر ان کی حالت بہتر نہیں ہوئی، ہم تمام سٹیشنز کو پبلک رائیویٹ پارٹنر شپ پر اپ گریڈ کرنے کی پیشکش کرتے ہیں ۔ریلوے کے تمام ہسپتالوں کو بھی پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کیساتھ پرائیویٹ سیکٹر کو دینے جارہے ہیں کیونکہ ان ہسپتالوں کی کوئی کارکردگی نہیں، ان ہسپتالوں پر 20کروڑ لاگت آتی ہے لیکن ریلوے کا ملازم اپنا علاج باہر سے کرتا ہے تو اس پیسے کو بھی بچائیں گے ، اس حوالے سے اسلام آباد میں ایک لیفٹیننٹ جنرل سے بات جاری ہے تا کہ ان ہسپتالوں میں بہتری آئے ۔انہوں نے بتایا کہ پنڈی سے ایک نئی ٹرین چلائی ہے جبکہ 16ستمبر سے2 نئی ٹرینیں موہنجو داڑو اور روہی سے چلیں گی جن کو سکھر سے آپریٹ کیا جائے گا ۔ شیخ رشید نے کہا کہ سارا زور فریٹ کی کارکر دگی بہتر بنانے پر ہے کیونکہ فریٹ ریلوے کی ریڑھ کی ہڈی ہے ۔ مزدوروں نے20دنوں کے اندر2ٹرینیں چلائیں ہیں ، 100دن کے اندر اندر اللہ نے چاہا تو قوم کو ریلوے کے حوالے سے مزید خوشخبریاں ملیں گی۔ وزیر اعظم کی جانب سے پندرہ دن دیئے گئے ہیں مہنگی زمینوں کو بیچ کر ان کا پیسہ ریلوے کے اکاؤنٹ میں جمع کرائیں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ لینڈ مافیا کے حوالے سے ریلوے کی زمین کو فروخت کرنے کیلئے وزیر اعظم کو تجویز دی ہے کہ وہ پرائم منسٹر آرڈیننس جاری کریں۔