کبیروالا میں پسند کی شادی پرنوجوان سے شرمناک سلوک

خانیوال(مانیٹرنگ ڈیسک)کبیروالا میں انسانیت کی تذلیل کا شرمناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں محبت کی شادی کر نے پرلڑکی کے رشتے داروں نے نوجوان اور اس کے بھائی پر ظلم کے پہاڑ توڑ دیے، ڈنڈوں سے تشدد کیا، زمین پر ناک رگڑوائی، کتے کی طرح بھونکنے پر مجبور کیا اور وڈیو بھی بنائی۔واقعہ کبیروالا کےنواحی علاقے کنڈ سرگانہ میں پیش آیا۔ تلمبہ کے رہائشی نوجوان نے کورٹ میرج کی تو لڑکی کے والدین اسے باقاعدہ رخصت کرنے کا کہہ کرگھر لے گئے۔پھر پانچ روز قبل نوجوان کو بہانے سے کنڈ سرگانہ بلوالیا، نوجوان اپنے بھائی کے ساتھ جب وہاں پہنچا تو لڑکی کے رشتے داروں نےپہلے دونوں بھائیوں پر تشدد کیا، کتے کی طرح بھونکنے پر مجبور کیا، زمین پر ناک رگڑوائی، والد کو گالیاں دلوائیں، ملزمان اس ظلم کی وڈیو بھی بناتے رہے، زبان کھولنے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں۔وڈیو منظرعام پر آنے کے بعد پولیس نے 2ملزمان سجاد اور جاوید کو حراست میں لے لیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث لڑکی کے تایا، چچا اور کزن سمیت دیگر 7ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کبیر والا میں2بھائیوں پر تشدد کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او خانیوال سے رپورٹ طلب کرلی ۔وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ ذمہ داروں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے اور تشدد کا نشانہ بننے والے بھائیوں کو ہر قیمت پر انصاف فراہم کیا جائے۔

Comments (0)
Add Comment