لاہور( این این آئی) سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم کے انتقال پر جاتی امراء کی فضاء سوگوار ہے ،پارٹی کے مرکزی رہنماؤں سمیت دیگر اہم شخصیات نے جاتی امراء رائے ونڈ میں سابق وزیر اعظم نواز شریف اور شریف خاندان کے دیگر افراد سے ملاقات کر کے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی ، مرحومہ کی رسم قل آج اتوارکو جاتی امراء رائے ونڈ میں ادا کی جائے گی جس میں صرف شریف خاندان کے افراد اور قریبی عزیز و اقارب شریک ہوں گے،سابق صدر مملکت آصف علی زرداری اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو پارٹی کے مرکزی رہنماؤں کے ہمراہ تعزیت کیلئےجاتی امرارائیونڈ جائیں گے۔ ترجمان کے مطابق بیگم کلثوم نواز کی رسم قل بعد از نماز عصر سے اذان مغرب تک جاتی امراء رائے ونڈ میں ادا کی جائے گی ۔ذرائع کے مطابق پارٹی قیادت کی جانب سے پارٹی کارکنوں اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں اور مقامی سطح پر قرآن خوانی اور دعاؤں کا اہتمام کر کے بیگم کلثوم نواز کو ایصال ثواب کریں ۔