سانگھڑ (نمائندہ امت) سانگھڑ کے علاقے جھول میں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کے لرزہ خیز قتل کا انکشاف ہوا ہے۔ قتل کرکے لاشیں ویرانے میں دفن کر دی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق کچھ ماہ قبل ناریجو قبیلے کی نوجوان لڑکی نے گھر سے فرار ہوکر پسند کی شادی کی تھی۔ واقعہ کے بعد لڑکی کے ورثا نے شہداد پور تھانے میں لڑکی کے اغوا کا مقدمہ اس کے شوہر، دیور اور ساس کے خلاف درج کرایا تھا۔ گزشتہ روز ملزمان نے فائرنگ کرکے لڑکی اور اس کے شوہر کو بے دردی سے قتل کر دیا۔ اور ان کی لاشیں ویرانے میں دفن کردیں، جس کی اطلاع کے بعدعلاقہ پولیس نے مذ کورہ مقام پر نفری کو تعینا ت کر دیا ہے۔ رابطہ کر نے پر ایس ایس پی سانگھڑذیشان شفیق نے بتایا کہ واقعے کا پتا چلتے ہی پولیس کی نفری مقتولین کی قبر پر بٹھا دی گئی ہے اور مختلف مقامات پر چھاپے مارکر قتل میں مطلوب 3ملزمان غلام حسین، غلام رسو ل، اور منظور نا ریجو کو حراست میں لے لیا ہے ۔ان سے پوچھ گچھ جاری ہے۔ مزید تفصیلات تفتیش کے بعد ہی معلوم ہو سکیں گی۔