کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی چیمبر آف کامرس کے سالانہ انتخابات میں بزنس مین گروپ کا پینل جیت گیا۔مقابلہ کرنے والے یونائیٹڈ گروپ کے پیٹریاٹ پینل نے3404ووٹوں کے مقابلے میں 1760ووٹ حاصل کئے جبکہ 230سے زائد ووٹ مسترد ہوئے۔انتخابات بروقت نہ ہونے پر 7ہزار سے زائد اراکین حق رائے دہی استعمال نہ کرسکے،ایس ایم منیر نے سراج قاسم تیلی کو جیت پر مبارکباد دی۔ تفصیلات کے مطابق 11سال بعد کراچی چیمبر میں الیکشن کے موقع پر 21پولنگ بوتھ بنائے گئے تھے،کل 14ہزار ووٹرز کو حق رائے دہی استعمال کرنا تھا، جبکہ 7ہزار اراکین ممبر شپ فیس جمع نہ کرانے کی وجہ سے ووٹ نہ ڈال سکے،بزنس مین گروپ کے سرپرست سراج قاسم تیلی کے پینل میں جنید اسماعیل ماکڈا،فیصل نعیم،وسیم الرحمن ،عبدالحفیظ نمریز،حسن شیخ ذہرہ،شکیل الرحمن،محمد حنیف،سہیل ،احمد شمون زکی،آصف صم سم،محمد ہارون قیصر،ہمایوں محمد،شاہد اسماعیل، شعیب سلطان اور محمد عمار شیخ شامل تھے۔ تاجروں کی جانب سے صبح سے ہی جوش و خروش دیکھنے میں آیا اور انہوں نے لمبی قطاروں میں ووٹ کاسٹ کیئے، صبح 10سے شام 7بجے تک جاری رہی۔معلوم ہوا ہے کہ کل 5ہزار 248ووٹ کاسٹ ہوئے ،تاجروں کا کہنا تھا کہ انتخابات ہر سال منعقد ہونے چاہیں تاکہ جمہوری عمل جاری رہے۔ 11سال سے انتخابات نہیں ہوئے تھے جس کی وجہ سے 7ہزار افراد نے ممبر شپ فیس جمع نہیں کروائی تھی اور اس کے نتیجے میں انہیں حق رائے دہی استعمال کرنے کی اجازت نہیں ملی، تاہم ایسے افراد اپنے اپنے پینلز کےلیئے زبردست کمپین چلاتے دکھائی دیئے ،نتائج آنے پر یونائیٹڈ گروپ کے سرپرست تاجر رہنما ایس ایم منیر نے بزنس مین گروپ کے سراج قاسم تیلی کو مبارکباد دی،امت سے گفتگو میں ایس ایم منیر نے کہا کہ اتنے لمبے عرصے بعد انتخابات کا انعقاد ہی تبدیلی کی نوید ہے،ہم پٹریاٹ گروپ کی حمایت کررہے تھے اور یہ سلسلہ جاری رہے گا تاکہ کراچی چیمبر آف کامرس پر محض ایک ٹولے کی اجارہ داری نہ ہو۔