لندن ( مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت نے برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر صاحبزادہ احمد خان کوایوارڈ تقریب میں غیر ذمہ دارانہ عمل پر وضاحت کیلئے پاکستان طلب کرلیا گیا ہے، جس کے بعد توقع کی جا رہی ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے دیرینہ دوست صاحبزادہ جہانگیر کو لندن میں پاکستانی کمشنر مقرر کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق صاحبزادہ جہانگیر کو تحریک انصاف کے اندر سے بھی کافی حمایت حاصل ہے۔ صاحبزادہ جہانگیر فوزیہ قصوری کے بھائی ہیں جو گزشتہ 40 سال سے لندن میں مقیم ہیں۔ عمران خان نے ایلسٹر میں انکی قیام گاہ پر ہی اپنی پارٹی تشکیل دی تھی اور جمائما کے ساتھ عمران خان کی شادی کے بعد ان کا ولیمہ بھی ان ہی کے مکان پر ہوا تھا۔ صاحبزادہ جہانگیرکا شمار برطانیہ میں پاکستانی کمیونٹی کے بااحترام لوگوں میں کیا جاتا ہے۔ وہ برطانیہ میں عمران خان سیکریٹریٹ کے چیئرمین بھی رہے اور سرمایہ کاری کے حوالے سے عمران خان کے سینئر مشیر اور پی ٹی آئی برطانیہ اور یورپ کے سربراہ بھی ہیں۔عمران خان نے صاحبزادہ جہانگیر کو وزارت عظمیٰ کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے خصوصی طور پر مدعو کیا تھا۔ تاہم پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق صاحبزادہ جہانگیر کی تعیناتی کا ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔