شریف خاندان کی اپیل پر سماعت رکوانے نیب سپریم کورٹ پہنچ گیا

اسلام آباد(نمائندہ امت)شریف خاندان کی اپیل پر سماعت رکوانے نیب سپریم کورٹ پہنچ گیا، سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی جس میں ہائیکورٹ کا 10ستمبر کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے ۔چیئرمین نیب نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواستوں کی سماعت رکوانے کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا ۔ درخواست میں مؤقف پیش کیا گیا ہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس کے مجرمان کی سزا معطل کرنے کی درخواستوں پر سماعت کرنے کا کوئی جواز نہیں، اور مجرمان کی اپیلوں پر سماعت کے بجائے حکم امتناع کی درخواست پر کارروائی کا بھی کوئی جواز نہیں، ہائی کورٹ نے سزا معطل کرنے کی درخواستوں پر پہلے سماعت کا فیصلہ دے کر اختیار سے تجاویز کیا۔ درخواست میں استدعا کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اگر مجرمان کے وکیل اپیلوں پر دلائل دینے سے قاصر ہیں تو مجرمان نئے وکیل کی خدمات حاصل کر لیں،درخواست میں مزید کہا گیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاق کو نوٹس کئے بغیر درخواست پر سماعت شروع کی، ہائیکورٹ کے ڈویژن بینچ نے وفاق کو نوٹس نہ کر کے انصاف کے اصولوں کے نفی کی۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالتِ عظمیٰ ہائی کورٹ کا سزا معطل کرنے کی درخواستوں پر پہلے سماعت کرنے کا 10 ستمبر کا فیصلہ کالعدم قرار دے اور ہائیکورٹ کو ایون فیلڈ فیصلے کے خلاف اپیلوں پر سماعت کا حکم دیا جائے۔واضح رہےکہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے 2 رکنی بنچ نے نواز شریف، مریم اور کیپٹن (ر) صفدر کی ایون فیلڈ ریفرنس میں سزاؤں کی معطلی کی درخواست کی سماعت پر قرار دیا تھا کہ مفروضے پر دی گئی سزا برقرار نہیں رہ سکتی۔

Comments (0)
Add Comment