سری نگر(مانیٹرنگ ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے ریاستی دہشتگردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مزید 6 کشمیریوں کو شہید کر دیا۔3روزمیں شہادتیں 14ہوگئیں۔ قابض فوج نے ضلع کلگام میں سرچ آپریشن کے دوران نوجوانوں کو فائرنگ کر کے قتل کیا۔ شہید نوجوانوں کو گرفتار کر کے پہلے ان پر بہیمانہ تشدد کیا گیا اور پھر عسکریت پسند قرار دے کر ماورائے عدالت قتل کر دیا گیا۔ جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کی شناخت گلزار احمد، فیصل احمد راٹھر، زاہد احمد میر، مسرور احمد مولوی اور ظہور احمد کے ناموں سے ہوئی۔بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی کیخلاف علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کیا تو قابض فوج نے مظاہرین پر بھی فائرنگ اور شیلنگ کر دی جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ نوجوانوں کی شہادت کے خلاف کلگام اور اسلام آباد کے اضلاع میں شٹر ڈاؤن کیا گیا، تمام دکانیں اور کاروباری مراکز بند کر دئیے گئے اور سڑکوں پر ٹریفک معطل ہو گئی۔حالات پر قابو پانے کے لیے انتظامیہ نے دونوں اضلاع میں موبائل فون جبکہ وادی بھر میں ٹرین سروس معطل کر دی۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ضلع کلگام اور اننت ناگ میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس معطل ہے جب کہ مقبوضہ وادی میں ٹرین سروس بھی بند کر دی گئی۔مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج کی بربریت جاری ہے جہاں جمعرات کو قابض فوج نے ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 7کشمیریوں کو شہید کر دیا تھا۔