کراچی(اسٹاف رپورٹر) ملیر جامعہ ملیہ روڈ پر واقع نجی اسکول سے گھر جانے والی بچی کو اغوا کرنے کی کوشش اہل علاقہ نے ناکام بنادی۔عوام نے ملزم کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد پولیس کے حوالے کردیا۔ملزم نے دوران تفتیش بچی کو اغوا کرنے کا اعتراف کرلیا۔تفصیلات کے مطابق الفلاح کے علاقے ملت ٹاؤن میں رہائش پذیر 2بہنیں معمول کے مطابق جامعہ ملیہ روڈ پر واقع نجی اسکول گئیں اور واپس آتے ہوئے ایک ملزم نے بچیوں کو روک کر بات چیت کی اور موقع پاتے ہی نشہ آور رومال ایک بچی کے منہ پر رکھ کر اغوا کرنے کی کوشش کی، جس پر ساتھ موجود چھوٹی بہن نے شور مچادیا۔شور کی آواز سن کر اہل علاقہ جمع ہوگئے اور فوری طور پر بھاگنے والے ملزم کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنانا شروع کردیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس پہنچ گئی اور ملزم کو تحویل میں لے کر تھانے منتقل کردیا۔ایس ایچ او خالد ندیم بیگ نے بتایا کہ گرفتار ملزم کی شناخت 16سالہ شیر خان کے نام سے ہوئی، جبکہ متاثرہ بچیوں کی 8سالہ سویرا اور 11سالہ فریحہ کے نام سے شناخت ہوئی۔بچیوں نے پولیس کو بیان دیا کہ ملزم نے بات کے بہانے فریحہ کے منہ پر رومال رکھ کر اغوا کی کوشش کی تھی،جبکہ اس کے ساتھ ایک اور شخص بھی تھا جو فرار ہوگیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں بہنیں اسکول سے گھر جارہی تھیں کہ مذکورہ مقام پر سناٹا دیکھ کر ملزم نے فریحہ کو اغوا کرنے کی کوشش کی، تو اس کی بہن سویرا نے شور مچانا شروع کیا،جس پر اہل محلہ نے فوری طور پر ملزم کو پکڑ لیا۔ملزم بچی کو زیادتی کی نیت سے اغوا کرنا چاہتا تھا۔ملزم شرافی گوٹھ کا رہائشی ہے ۔