پاکستان بھارت کو راہداری دے سکتا ہے – امریکی دعویٰ

ممبئی(امت نیوز) افغانستان میں تعینات امریکی سفیر نے دعوی کیا ہے کہ پاکستان بھارت کو افغانستان سے تجارت کیلئے راہداری دینے پر غور کر رہا ہے۔ ممبئی میں منعقدہ انڈیا افغانستان تجارت و سرمایہ کاری شو کے دوران بھارتی اخبار اکنامک ٹائمز کو ایک انٹرویو میں جان آر بیس کا کہنا تھا کہ پاکستان نے رواں برس افغانستان سے رابطہ کر کے اشارہ دیا تھا کہ بھارت سے تجارت کیلئے پاکستانی زمینی حدود استعمال کرنے پر غور کیا جاسکتا ہے۔ بھارتی اخبار کے مطابق یہ انکشاف انتہائی حوصلہ افزا ہے ،کیونکہ افغانستان اور بھارت باہمی تجارت کیلئے پاکستان کا زمینی راستہ استعمال کرنے کیلئے طویل عرصے سے منتظر ہیں ،لیکن اسلام آباد اجازت نہیں دے رہا تھا۔ انٹرویو کے دوران امریکی سفیر نے اس پیشرفت کے پیچھے 2 وجوہات بتائیں پہلی بھارت اور افغانستان کے درمیان فضائی تجارت میں اضافہ اور دوسری افغانستان اور ازبکستان کے درمیان اقتصادی تعلقات کا فروغ پانا تھی۔ چند ماہ قبل پاکستانی حکام نے افغانستان سے رابطہ کیا اور کہا کہ کابل اور نئی دہلی کے درمیان زمینی راستے کی تجارت کے قواعد و ضوابط پر بات کی جائے۔ امریکی سفیر کا یہ بھی کہنا تھا کہ افغانستان میں سیاسی استحکام پاکستان کے طویل مدتی مفاد میں ہے۔ جس سے نہ صرف دوطرفہ تجارت میں اضافہ ہوگا بلکہ وسط ایشیا اور جنوبی ایشیا میں رابطے بھی بڑھیں گے ،تاہم اسلام آباد کی تمام توجہ اسٹیٹس کو برقرار رکھنے پر ہے جو ٹھیک نہیں۔ امریکی سفیر نے مزید کہا کہ امریکی حکومت میں شامل کوئی فرد بھی یہ نہیں کہہ رہا کہ افغان مسئلے کا فوجی حل نکلے گا ،بلکہ ہم سمجھتے ہیں کہ اس کا سیاسی حل ہی ممکن ہے ۔

Comments (0)
Add Comment