آج آمد – وزیر اعظم کے دورہ کراچی میں بڑے پیکج کا اعلان متوقع

کراچی (اسٹاف رپورٹر) عمران خان وزیر اعظم منتخب ہونے کے بعد آج پہلی بار کراچی کے دورے پر پہنچیں گے۔ اس موقع پر بڑے پیکج کا اعلان متوقع ہے۔گرین لائن منصوبے کو دسمبر تک فنکشنل کرنے کی تیاری کر لی گئی، جبکہ سیوریج کے نظام، فراہمی آب کی بوسیدہ لائنوں کی تبدیلی سمیت مختلف سڑکوں کی تعمیر کیلئے فنڈز فراہمی پر بھی بات ہوگی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان صوبہ سندھ خصوصاً کراچی میں جرائم کی روک تھام اور امن و امان کی بحالی کے حوالے سے حکومت سندھ اور سندھ پولیس کو وفاق کی جانب سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائیں گے۔ ساتھ ہی صنعتکاروں اور تاجروں کے مسائل کے حل کرنے کا بھی اعلان کریں گے۔ اطلاعات کے مطابق 18اگست کو وزیر اعظم کے منصب کا حلف لینے کے بعد عمران خان آج پہلی بار کراچی پہنچ رہے ہیں۔ وہ مزار قائد پر حاضری دینے کے بعد اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں مختلف اجلاسوں کی صدارت کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم وفاق کی فنڈنگ سے صوبے اور خصوصاً کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیں گے۔ اس ضمن میں تیار کی گئی بریفنگ کے مطابق عمران خان التوا کا شکار بس ریپڈ ٹرانسپورٹ نظام کے منصوبے گرین لائن کو جلدازجلد فنکشنل کرنے کے احکامات جاری کریں گے۔ اس ضمن میں سرجانی ٹاؤن تا مزار قائد سیکشن دسمبر تک فعال کیا جاسکتا ہے، جس کا تعمیراتی کام مذکورہ مدت میں مکمل ہوسکتا ہے، لیکن اہم مقاصد اس کے لئے بسوں کی خریداری اور انہیں چلانے کے لئے منیجنمنٹ کے سسٹم کو قائم کرنا ہے، جس کے لئے سرگرمیاں شروع کردی گئی ہیں، جبکہ منصوبے کی تعمیر کا مرحلہ مکمل ہونے پر بھی حکومت سندھ اس ضمن میں بسوں کا بندوبست کرسکتی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کے فور منصوبے کے ساتھ کراچی کو اضافی پانی فراہم کرنے اور منصوبوں پر بھی زور دیں گے۔ وزیر اعظم کو اس ضمن میں پائپ لائنیں پرانی ہوجانے کے باعث ضائع ہوجانے والے پانی اور سیوریج کا نظام کو بہتر بنانے اور ٹریٹمنٹ پلانٹس نصب کرنے کے منصوبوں سے آگاہ کیا جائے گا۔اس کے ساتھ ساتھ سہراب گوٹھ سے مزار قائد تک کے ٹرانسپورٹ منصوبے بلیو لائن کی تعمیر شروع کرنے پر بھی بات ہوگی۔ مذکورہ ذرائع کے مطابق توقع ہے کہ وزیر اعظم کراچی کے فراہمی آب و نکاسی آب منصوبوں، ٹرانسپورٹ کے مسائل کو حل کرنے سمیت انفرااسٹرکچر کی بہتری کیلئے ترقیاتی پیکج اعلان کریں گے۔اس ضمن میں سابق وفاقی حکومت کی جانب سے کراچی کے 25ارب روپے کے اعلان کردہ پیکج کی روشنی میں تجویز کردہ کئی منصوبے نئے ترقیاتی پیکج میں بھی شامل کئے جاسکتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چونکہ وزیر اعظم عمران خان کا یہ پہلا دورہ کراچی ہے۔ اس لئے فی الحال وہ گائیڈ لائن جاری کریں گے۔ وزیر اعظم تاجروں کے وفد سے ملاقات کرنے کے ساتھ سندھ میں امن و امان خصوصاً قومی الیکشن پلان پر عمل درآمد اور کراچی آپریشن کے متعلق اجلاس کی بھی صدارت کریں گے۔ اس ضمن میں آئی جی سندھ پولیس، ڈی جی رینجرز اور سیکورٹی اداروں کے متعلقہ انتظامی حکام انہیں بریفنگ دیں گے۔ ذرائع کا کہناہے کہ وزیراعظم اس حوالے سے وفاق کی جانب سے حکومت سندھ کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائیں گے ۔دریں اثنا ہفتہ کے روز اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں وفاق کے زیر انتظام ترقیاتی منصوبوں سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا ،جس میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی،گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے شرکت کی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اس موقع پر کہا کہ کراچی ملک کا معاشی حب اور دنیا کے بڑے شہروں میں سے ایک ہے ،اس لئے اس کا انفرا اسٹرکچر بڑے شہروں جیسا ہونا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل وفاقی منصوبوں پر عملدرآمد کی نگرانی کریں گے ،تاکہ انہیں جلد از جلد مکمل کیا جا سکے۔ اجلاس میں گورنر سندھ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں میں صوبائی حکومت اور بلدیاتی اداروں کی آرا کو مد نظر رکھا جائے گا اور صوبہ کے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیں گے ،تاکہ ترقیاتی منصوبوں کا مؤثر استعمال یقینی بنایا جاسکے۔ وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ وفاقی منصوبوں کے فنڈز کے جلد از جلد اجرا کو یقینی بنائیں گے۔

Comments (0)
Add Comment