کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان رینجرز سندھ نے صدر کے علاقے لائنزایریا میں کارروائی کرتے ہوئے ملزم محمد ارشد شیخ عرف کے ٹو کو گرفتارکرلیا۔ ترجمان رینجرز کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ملزم سی ویو پارکنگ ایریا اور ڈی ایچ اے کے مختلف کمرشل ایریاز سے موٹر سائیکلیں چوری کرنے اور اسلحے کے زور پر کراچی کے مختلف علاقوں میں موٹر سائیکل چھیننے اور بعدازاں چوری شدہ موٹر سائیکلوں کو پارٹس کی شکل میں فروخت کرنے جیسے جرائم میں ملوث ہے،گرفتار ملزم کے قبضے سے چوری شدہ دو موٹر سائیکلیں اور موٹر سائیکلوں کے مختلف پارٹس جن میں فیول ٹینک ،چیسز ،انجن اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا گیا۔ملزم کو برآمد شدہ سامان سمیت قانونی چارہ جوئی کیلئے اینٹی کارلفٹنگ سیل کے حوالے کردیا گیا ہے۔