لاہور(نمائندہ امت)بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیرمیں سرچ آپریشن وسیع کردیا،سپیشل آپریشنزگروپ سمیت سکیورٹی فورسزنے بانڈی پورہ کارخ کرلیا،جبکہ شہادتوں کے خلاف آج مکمل ہڑتال اوراحتجاجی مظاہروں کی کال دے دی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق بھارتی فورسز نے شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ علاقہ میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کردیا۔آلوسہ کے علاقہ میں بھارتی فورسز نے کشمیری مجاہدین کی موجودگی کا دعویٰ کرتے ہوئے وسیع پیمانے پر سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔ آپریشن میں مجاہدین کے خلاف کارروائیوں کے لیے تشکیل دیاگیا سپیشل آپریشنز گروپ، 27راشٹریہ رائفلز ، سی آر پی ایف اور دیگر فورسز کے دستے شریک ہیں۔ بھارتی فوج پورے علاقہ کی تلاشی لے رہی ہے تاہم ابھی تک علاقہ میں کشمیری مجاہدین کی موجودگی کی کوئی اطلاع نہیں مل سکی ۔