فلورنس طوفان سے شمالی کیرولائنامیں ہلاکتیں 13ہوگئیں

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک)بحرِ اوقیانوس میں جنم لینے والے طوفان فلورنس سے امریکی ریاست شمالی کیرولائنا میں ہلاکتوں کی تعداد 13 ہوگئی جب کہ حکام نے طوفان کے باعث دریاؤں میں ریکارڈ طغیانی کا انتباہ دیا ہے۔فلورنس جمعے کو 145 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شمالی کیرولائنا سے ٹکرانے کے بعد پڑوسی ریاست جنوبی کیرولائنا میں داخل ہوگیا ہے۔حکام کے مطابق ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب ‘فلورنس’ جنوبی کیرولائنا کے دارالحکومت کولمبیا سے 65 کلومیٹر جنوب مشرق میں موجود تھا اور مغرب کی جانب چھ کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بڑھ رہا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ طوفان کے تحت ہونے والی مسلسل طوفانی بارشوں کے باعث ندی نالوں اور دریاؤں میں طغیانی ہے اور نشیبی آبادیاں زیرِ آب آ رہی ہیں۔طوفان کے باعث بلند سمندری لہریں شمالی کیرولائنا کی ساحلی پٹی سے ٹکرائی تھیں جب کہ طوفانی ہواؤں اور بارشوں کے باعث بھی املاک کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

Comments (0)
Add Comment