فیصل آباد(امت نیوز) فیصل آباد کے تھانہ نشاط آباد کے علاقے میں دیرینہ رنجش پر پولیس اہلکاروں کی مبینہ فائرنگ سے نوجوان جاں بحق ہوگیا، پولیس نےپیٹی بھائی کو حراست میں لے کر کاروائی شروع کر دی۔تھانہ نشاط آباد کے علاقہ چک نمبر 8 کا رہائشی مزمل اپنے بھائی کے ہمراہ موٹر سائیکل پر سوار جا رہا تھا کہ اسی دوران ان کے مخالفین نے دونوں بھائیوں پر فائرنگ کر دی جس سے 22سالہ مزمل شدید زخمی ہو گیا۔مزمل کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا مگر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ مقتول کے ورثا کا کہنا تھا کہ فائرنگ کرنے والوں میں شامل شعیب اور امجد پولیس اہلکار ہیں جنہوں نے فائرنگ کے وقت پولیس یونیفارم بھی پہن رکھی تھی۔ پولیس نے ملزم شعیب کو حراست میں لے کر کارروائی شروع کر دی۔