پنجاب پولیس میں اصلاحات کیلئے کمیشن بنانے کا ڈرافٹ تیار

لاہور (امت نیوز) پنجاب حکومت نے پولیس اصلاحات کے لیے کمیشن تشکیل دینے کا ڈرافٹ تیار کر لیا، کمیشن قانون سازی اور پالیسیوں میں ترمیم کے علاوہ پولیس کے ڈھانچے، انتظامی امور اور صلاحیت کو بڑھانے سے متعلق سفارشات دے گا۔صوبائی محکمہ داخلہ کی جانب سے تیار کئے جانیوالے ڈرافٹ کے مطابق کمیشن کے چیئرمین کا انتخاب صوبائی حکومت کرے گی جبکہ ممبران کا انتخاب چیئرمین کمیشن کا اختیار ہو گا۔کمیشن کے چیئرمین، ممبران اور معاون ممبران اپنی خدمات کے عوض کسی فائدے یا معاوضے کے حق دار نہیں ہوں گے۔ ماڈل پولیس قانون بنانا بھی کمیشن کے مقاصد میں شامل ہو گا۔ پولیس اصلاحات میں آنیوالی پیچیدگیوں سے نمٹنے سے متعلق بھی کمیشن سفارشات پیش کرے گا۔ ڈرافٹ تیار کر کے وزیرِاعلیٰ سیکرٹریٹ بھجوا دیاگیا ہے جس کی جلد منظوری کے بعد کمیشن اپنا کام شروع کرےگا۔

Comments (0)
Add Comment