منی بجٹ آج پیش کیا جائے گا-وزیر اعظم نے منظوری دیدی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے منظوری دے دی، منی بجٹ آج پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا،4500ارب ہدف حاصل کرنے کیلئےٹیکسوں میں اہم تبدیلیاں کی جائیں گی، فنانس ترمیمی بل میں ایسا ٹیکس نہیں لگایا جائیگا، جس سے غریب طبقہ متاثر ہو، عوام کیلئے اچھی خبریں ہوں گی، پارلیمنٹ میں پیش کرنے کے بعد عوام کواعتماد میں لوں گا۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ تمباکو، سگریٹ اور لگژری اشیا پر ٹیکس اور کسٹم و ریگولیٹری ڈیوٹی میں اضافے کاامکان ہے، تنخواہ دارافراد کیلئے موجودہ ٹیکس شرح میں معمولی ردوبدل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ فنانس ترمیمی بل قومی اسمبلی کے بعد اسی روز سینیٹ اجلاس میں پیش کریں گے، وزارت خزانہ و ایف بی آر نے فنانس ترمیمی بل کا مسودہ تیار کرلیا ہے، جس میں تمباکو اورسگریٹ پر عائد تیسرا ٹیکس سلیب ختم کرکے 2 ٹیکس سلیب اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی میں اضافہ کئے جانے کاامکان ہے، جس سے 60ارب سے زائد کا اضافی ٹیکس وصول ہوگا، مختلف اشیا پر عائد ریگولیٹری و کسٹم ڈیوٹی میں 1 تا 3 فیصد اضافے کاامکان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نظر ثانی شدہ وفاقی بجٹ میں ملازمین کیلئے قابل ٹیکس آمدنی کی حد 12 لاکھ روپے سے کم کرکے 8 لاکھ روپے کرنے موبائل فون سیٹ کی درآمد پرعائد ریگولیٹری ڈیوٹی کی شرح میں 5 فیصد تک اضافے کا امکان ہے، آٹے کی برآمد پر بھی 5 فیصد ڈیوٹی عائد کئے جانے کا امکان ہے، جبکہ پی ایس ڈی سی پی میں380 ارب کی غیر منظور شُدہ ترقیاتی اسکیمیں ختم کرنے کی تجویز ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ منی بجٹ میں سابق حکومت کے بجٹ 19-2018 میں ٹیکسوں کے حوالے سے اہم تبدیلیاں کی جارہی ہیں، تاکہ محصولات میں اضافہ ہوسکے۔

Comments (0)
Add Comment