فلپائن میں تباہی مچا کر طوفان چین سے ٹکرا گیا – ہلاکتیں 66

منیلا/بیجنگ(امت نیوز) طاقتور سمندری طوفان ’منگ کھٹ‘ فلپائن میں تباہی مچانے کے بعد جنوبی چین اور ہانگ کانگ کے ساحلوں سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر 66 افراد ہلاک اور سیکڑوں دیگر شہری شدید زخمی ہوگئے، صرف فلپائن میں ہلاکتوں کی تعداد 64 ہوگئی ہے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق انتہائی طاقتور سمندری طوفان ’منگ کھٹ‘شمالی فلپائنی صوبے کاگایان کے گنجان آباد ساحلی علاقے باگاؤ سے ٹکرا گیا، جس کے باعث مختلف واقعات میں 64 افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوگئے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ طوفان کی رفتار 250 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔ شدید بارش کیساتھ ڈھائی سو کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی آندھی کے جھکڑوں سے معمولات زندگی معطل ہوگئے اور شاہراہوں پر نصب بل بورڈز، ہورڈنگز اور پول گرگئے، جبکہ لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات بھی رونما ہوئے، جس میں زیادہ تر ہلاکتیں ہوئیں۔ طوفان کے باعث کئی دیہات اور شہر بجلی سے محروم ہوگئے، جس سے 40 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے، کئی گھر اور فارم ہاؤس منہدم ہوگئے، جبکہ میدانی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔ شہر کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرکے ریسکیو اداروں کو الرٹ کردیا گیا ہے، اب تک سیکڑوں شدید زخمی افراد کو اسپتال لایا گیا ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا بھی خدشہ ہے۔ دوسری جانب جنوبی چین اور ہانگ کانگ کے ساحلوں سے بھی سمندری طوفان ٹکرانے کے بعد تباہی کی اطلاعات ہیں۔ ہانگ کانگ کی وکٹوریا بندر گاہ پر حفاظتی اقدامات زور و شور سے جاری ہیں اور شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے، جنوبی چین کے صوبوں ہینان، گوانگ ڈونگ اور فوجیان میں موسلا دھار بارشوں اور طوفانی جھکڑوں کا سلسلہ شروع ہونے کے بعد الرٹ جاری کرتے ہوئے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، جبکہ خراب موسم کے پیش نظر 1200 پروازیں بھی منسوخ کی گئی ہیں۔ ملک کے جنوبی ساحلوں سے تعلق رکھنے والے ماہی گیر اپنی کشتیاں لیکر واپس آگئے ہیں اور طوفان کی زد میں آنیوالے علاقوں میں ہر قسم کے تعمیراتی و ترقیاتی منصوبوں پر کام روک دیا گیا ہے۔

Comments (0)
Add Comment