کراچی (امت نیوز) تحریک انصاف کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی عامرلیاقت کو ناراضگی کا ڈرامہ مہنگا پڑ گیا اورایک بار پھر رسوائی کا سامنا کرنا پڑا۔ گارڈ نے اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں داخلے کی اجازت نہیں دی اور گیٹ پر روک لیا۔ اس سے قبل سوشل میڈیا پر بلیک کرنے کی کوشش پر پی ٹی آئی قیادت اس سے سخت نالاں تھی، کراچی پیکیج اور دیگر حوالوں سے شور برپا کر دیا تھا۔ ٹی وی اینکر نے وزیراعظم عمران خان سے وزارت کا بھی مطالبہ کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق عامرلیاقت وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں شرکت کے لئے آئے تھے،تاہم اس وقت انہیں رسوائی کا سامنا کرنا پڑا ،جب گارڈ نے گیٹ پر روک لیا اور اندر جانے نہیں دیا گیا۔ جب اس بارے میں عامر لیاقت سے سوال کیا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ میں اجلاس میں شرکت کے لئے آیا ہوں، شاید قبل از وقت آگیا ہوں ،میٹنگ میں کچھ تاخیر ہے ،جس کی وجہ سے داخلے کی اجازت نہیں ملی۔ اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما عامرلیاقت کا کہنا تھا کہ شاید 5 منٹ پہلے آگیاہوں ،اس لیے اجازت نہیں ملی۔ بعد ازاں عامر لیاقت نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ کراچی والوں کے لیےآج بڑی خوشخبری ہے ،آج بڑے بڑے اعلانات ہونے جارہے ہیں۔پی ٹی آئی والوں نے پیکیج بنایا ہے۔ ایک سوال کے جواب انہوں نے کہا کہ میں نے شوکاز نوٹس کا جواب دے دیا ہے۔عامرلیاقت اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس کے باہر کچھ دیر انتظار کرنے کے بعد واپس لوٹ گئے۔