کے الیکٹرک غفلت نے 3 بہنوں سے اکلوتا بھائی چھین لیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کے الیکٹرک کی غفلت نے 3 بہنوں سے اکلوتا بھائی چھین لیا۔متوفی گھر کا واحد کفیل تھا ۔تفصیلات کے مطابق قائد آباد کے علاقے گلشن بونیر میں موٹر سائیکل سوار نوجوان نوراللہ بجلی کے ٹوٹے تار سےٹکرا گیا جس پر شدید جھٹکا لگتے ہی وہ سڑک پر گر گیا ،جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا ،جہاں ڈاکٹروں نےاسکی موت کی تصدیق کردی۔ پولیس کے مطابق متوفی گلشن بونیر اولڈ مظفر آباد کالونی کا رہائشی اور آبائی تعلق جنوبی وزیرستان سے تھا۔متوفی کے کزن علمی خان نے’’امت‘‘ کو بتایا کہ نوراللہ شادی شدہ ، نجی کمپنی میں ملازم اور گھر کا واحد کفیل تھا ۔ دوسری طرف علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ مذکورہ واقعہ کے الیکٹرک کی غفلت کے باعث پیش آیا ہے ، علاقے میں آئے روز بجلی کے تار ٹوٹ کر گرتے رہتے ہیں ۔ اطلاع کے باوجود بھی کوئی اقدامات نہیں کئے جاتے، ایس ایچ او امین مری کےمطابق بجلی کی تار ٹوٹ کر گری ہوئی تھی ،جس سےنوراللہ کو کرنٹ لگا، ورثا نے کسی قسم کی کارروائی سے انکار کردیا ہے ،اگر ورثا نے درخواست دی تو کارروائی کی جائے گی۔

Comments (0)
Add Comment