دبئی(امت نیوز) بنگلہ دیشی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز مشفق الرحیم نے سری لنکا کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل کیریئر کی چھٹی سنچری داغ دی، اس کے علاوہ وہ انفرادی طور پر بڑی اننگز کھیلنے والے دوسرے بنگلہ دیشی کھلاڑی بھی بن گئے ہیں، انہوں نے متحدہ عرب امارات میں شروع ہونے والے ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں سری لنکا کے خلاف افتتاحی میچ میں مشکل وقت میں انتہائی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا، انہوں نے ڈٹ کر حریف بائولرز کا مقابلہ کیا اور شاندار سنچری سکور کی، انہوں نے کیریئر بہترین 144 رنز کی اننگز کھیلی، اسطرح وہ انفرادی طور پر بڑی اننگز کھیلنے والے دوسرے بنگلہ دیشی کھلاڑی بن گئے ہیں، بنگلہ دیش کی جانب سے بڑی اننگز کھیلنے کا اعزاز تمیم اقبال کو حاصل ہے جنہوں نے 2009ء میں زمبابوے کے خلاف 154 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ اس کے ساتھ ساتھ مشفق الرحیم ایشیا کپ میں انفرادی طور پر بڑی اننگز کھیلنے والے مشترکہ طور پر دوسرے کھلاڑی بھی بن گئے، انہوں نے سابق پاکستانی بلے باز یونس خان کا ریکارڈ برابر کیا ہے، یونس نے 2004ء میں ایشیا کپ میں ہانگ کانگ کے خلاف 144 رنز کی اننگز کھیلی تھی، ایشیا کپ میں انفرادی طور پر بڑی اننگز کھیلنے کا اعزاز بھارتی بلے باز ویرات کوہلی کو حاصل ہے جنہوں نے 2012ء میں منعقدہ ایونٹ میں پاکستان کے خلاف 183 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔