سکھر/ مٹھی (نمائندگان )سکھر کے اسپتال میں فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق ہو گئے۔ اسپتال میں جھگڑے کے دوران زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی تھی۔ 5 زخمیوں میں ایک کی حالت تشویشناک ہے۔ جبکہ مٹھی میں گھریلو تنازع پر بڑے نے چھوٹا بھائی مار دیا۔ تفصیلات کے مطابق سکھر میں زرعی زمین پر کام کرنے کی مزدوری نہ دینے پر نواحی علاقے باگڑجی میں مہر اور گھمرہ برادری کے درمیان جھگڑا ہوگیا۔جھگڑے میں زخمی ہونے والے مہر برادری کے افراد کو طبی امداد کے لے تعلقہ اسپتال باگڑجی منتقل کیا تو ملزمان نے اسپتال میں فائرنگ کردی ،جس کے نتیجے میں مہر برادری کے 2 افراد غفار اور غلام شبیر مہر موقع پر ہی جاں بحق ،جبکہ 4 افراد زخمی ہوگئے ،جس میں سے 1 زخمی کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔پولیس کے مطابق زخمی ہونے والوں میں گھمرہ برادری کے بھی 2 افراد شامل ہیں۔ تاہم واقعے کے فوری بعد پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کا محاصرہ کرلیا ہے۔ دریں اثنا مٹھی کے لوہانہ محلہ میں بڑے بھائی کیم چند نے گھریلو جھگڑے پر کلہاڑیوں کے وار کر کے اپنے چھوٹے بھائی رمیش لوہانہ کو زخمی کر دیا۔زخمی کو سول اسپتال مٹھی لایا گیا جہاں وہ چل بسا۔ قاتل نے کلاےڑی کے ساتھ مٹھی تھانے پر پہنچ کر گرفتاری دے دی۔